لاہور: (ویٹرنری نیوز اینڈ ویوز رپورٹ — 15 جولائی 2025)
پنجاب کے سیکریٹری لائیو سٹاک جناب احمد نذیر تارڑ کے دفتر میں آج پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (PPA)، برائلر فارمرز ایسوسی ایشن (BFA)، برائلر بریڈرز ایسوسی ایشن (BBA) اور ٹریڈرز یونین کے نمائندگان کا ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔
پی پی اے کے وفد کی قیادت چیئرمین عبدالباسط اور ڈاکٹر ایف ایم صابر (گروپ لیڈر) نے کی۔ بی ایف اے کی نمائندگی جناب آصف اور ڈاکٹر ملک خرم شہزاد کھوکھر نے کی، جبکہ ٹریڈرز یونین کی نمائندگی جناب طارق جاوید اور چوہدری محمد فرغام طور — سابق چیئرمین پی پی اے نارتھ زون اور سی ای او اللہ وارث پولٹری گروپ — نے کی۔
اجلاس میں پولٹری انڈسٹری پر عائد نئے ٹیکسز، حکومتی پالیسی کے تحت مرغی کی قیمتوں میں کمی اور ریٹ کیپنگ (قیمتوں کی حد بندی) کے باعث دکانداروں کو درپیش جرمانوں اور دیگر مشکلات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیکریٹری لائیو سٹاک جناب احمد نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ عوام کو سستی مرغی کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پولٹری ایسوسی ایشنز کی ذمہ داری ہے کہ ناجائز منافع خوری کو روکا جائے اور صارفین کو حقیقی اور منصفانہ قیمت پر مرغی دستیاب ہو۔
انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ پنجاب حکومت اور وفاقی سطح پر ٹیکس، قیمتوں کی حد بندی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔