شعبہ لائیوسٹاک میں جدت اور نئے رجحانات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے نہ صرف دودھ اور گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے بلکہ ملکی معیشت میں بھی بہتری لائی جا سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر محمد اشرف نے ایک مشاورتی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے شعبہ پلاننگ اینڈ ایویلویشن کے تحت شعبہ لائیوسٹاک میںنئے منصوبہ جات کی تیاری بارے ایک روزہ مشاورتی سیمینارکا اہتمام کیاگیا جس میں نجی و سرکاری شعبہ سے وابستہ اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ ڈیری سیکٹر سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز نے آئندہ مالی سال 2023-24 کیلئے قابل عمل اور جدت پر مبنی منصوبہ جات کی تیاری بارے تفصیلی مشاورت کی اور تجاویز پیش کیں۔
مشاورتی سیمینار میں شعبہ لائیوسٹاک سے متعلقہ ڈیٹا کولیکشن ، مارکیٹینگ سٹریٹجی ، ویلیو اڈیشن ،غذائی تحفظ ، ڈیری پروسسیسنگ، یکسین پروڈکشن،جینومیکس ، جیناتی تکنیک ، بزنس ایڈوائزری اور آگاہی مہم بارے قلیل ، وسطی اور طویل مدتی منصوبہ جات زیر بحث لائے گئے۔
ڈائریکٹر پلاننگ ڈاکٹر محمد اشرف کا کہنا تھا کہ اس مشاورتی سیمینار کی حتمی سفارشات کی مدد سے آئندہ مالی سال کے لیے منصوبہ جات کی تشکیل میں رہنمائی ملے گی۔ویٹرنری یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ اس سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل (توسیع)ڈاکٹر اقبال شاہد ، ڈائریکٹر جنرل (پروڈکشن)ڈاکٹر ندیم بدر،بریگیڈئیر (ر)حامد خلیل ، ڈاکٹر احسان اللہ ،پروفیسرڈاکٹرصائمہ، چیئرمین نیسلے پاکستان سیدیاورعلی،ڈاکٹرمحمدزبیر، شہباز رسول وڑائچ، ڈائریکٹر کمیونی کیشن ڈاکٹر آصف رفیق،ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر افتخار احمد ارقم ، ڈاکٹر طاہر اسمٰعیل ، ڈاکٹر مجاہد رندھاوا اور ڈاکٹر محمد جنید سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔