سندھ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ ویکسینز کی تیاری میں خود کفیل

صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کا کہنا ہے کہ آئندہ سال سے بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی جانوروں کی بیماریوں کی تمام ویکسینز سندھ کی سینٹرل لیبارٹری ٹنڈو جام میں تیار کی جائیں گی۔

ٹنڈو جام، 30 اپریل 2025 – سندھ کے وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک مختلف ویکسینز کی تیاری میں مکمل خود کفیل ہو چکا ہے، اور آئندہ مالی سال سے بیکٹیریا سے پیدا ہونے والی تمام جانوروں کی بیماریوں کی ویکسینز سندھ کی سینٹرل ویٹرنری ڈائیگناسٹک لیبارٹری (CVDL)، ٹنڈو جام میں تیار کی جائیں گی۔

یہ اعلان کراچی میں منعقدہ CVDL کی بریفنگ میٹنگ میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر CVDL ڈاکٹر جیا دیو، ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو، ڈاکٹر علی رضا نظامانی، اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈاکٹر جیا دیو نے بریفنگ میں بتایا کہ CVDL جو کہ FAO/UNDP کے تعاون سے 1985 میں قائم کی گئی تھی، اب سندھ بھر میں جانوروں کی بیماریوں کی تشخیص، نگرانی، تحقیق اور ویٹرنری پروفیشنلز کی تربیت کا اہم ادارہ بن چکی ہے۔

اس لیبارٹری کے تحت آٹھ خصوصی شعبے، جیسے بیکٹیریالوجی، وائرولوجی، سیرولوجی، پیتھالوجی، اور مالیکیولر بایولوجی، کام کر رہے ہیں جبکہ سندھ کے مختلف اضلاع میں سات ذیلی مراکز کے ذریعے خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پچھلے سات سالوں میں اپنی پیداواری صلاحیت کو 35 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ (20 ملین) ڈوز تک پہنچا دیا ہے

CVDL کے ویکسین پروڈکشن یونٹ (VPU) نے گزشتہ سات سالوں میں ویکسین کی پیداواری صلاحیت کو 35 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ (20 ملین) ڈوز تک پہنچا دیا ہے۔ اب یہ ادارہ نہ صرف ہیمرجک سیپٹیسیمیا (HS)، انٹروٹوکسیمیا (ET)، بلیک کوارٹر (BQ)، اینتھراکس اور CCPP جیسی ویکسین تیار کر رہا ہے بلکہ مستقبل میں بروسیلا، PPR، شیپ پوکس، گوٹ پوکس، FMD اور LSD کے لیے بھی ویکسین بنانے کے لیے تیار ہے۔

2023-24 کے دوران 62,000 سے زائد نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں 27 فیصد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 2024-25 کے ابتدائی مہینوں میں 57,000 نمونوں کی ٹیسٹنگ کے نتیجے میں 19 فیصد مثبت کیسز سامنے آئے۔

 

وزیر محمد علی ملکانی نے ہدایت دی کہ نئے مالی سال میں CVDL کی ویکسین تیاری کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائے اور وائرل بیماریوں کی ویکسینز سندھ انسٹی ٹیوٹ فار اینیمل ہیلتھ (SIAH) میں تیار کی جائیں۔ انہوں نے CVDL کی اپ گریڈیشن، اسٹاف ٹریننگ، اور طلبہ کے لیے سیکھنے کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آئندہ بجٹ میں نئے منصوبے شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔