فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) حکومت کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت صرف بجلی کی مدد سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں مجموعی طور پر 12 لاکھ زرعی ٹیوب ویلز ہیں جن میں سے 10 لاکھ ٹیوب ویلز ڈیزل جبکہ 2 لاکھ ٹیوب ویلز بجلی کی مدد سے چلائے جا رہے ہیں لہٰذاصرف بجلی کی مدد سے چلنے والے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا اور31 مارچ 2024 تک بجلی کا کنکشن حاصل کرنے والے ٹیوب ویلز اس سکیم میں شامل کئے جائیں گے جبکہ سولر سسٹم لگانے کیلئے پانی کی زیادہ سے زیادہ گہرائی 60 فٹ مقرر کی گئی ہے۔
شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے 10،7.5 اور15کلوواٹ طاقت کے مساوی پمپنگ سسٹم لگایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلہ میں بجلی سے چلنے والے7 ہزار سولر ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے
جس کیلئے12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔اس ضمن میں ٹیکنیکل ٹیم سائٹ کا موقع پر دورہ کر کے درخواست گزار کی موجودگی میں پانی کی گہرائی معلوم کرے گی نیز درخواستوں کی وصولی اور جانچ پڑتال کیلئے کمیٹیاں بھی نوٹیفائی کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاترز میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔