پہلی بار پاکستان سے امریکا کو انڈوں کی برآمدات کا آغاز

کراچی (رپورٹ: احتشام مُغنی): پاکستان سے غیر روایتی اشیا جیسے خوردونوش کی برآمدات میں بھی اضافہ کارجحان غالب ہوگیا ہے جو پاکستانی معیشت کیلئے ایک اچھی خبر ثابت ہو سکے گی، پاکستان سے انڈوں کی امپورٹ میں زبردست اضافہ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے اور پہلی بار پاکستان سے امریکا کے لیے بھی انڈوں کی برآمدات کا آغاز ہوگیا ہے۔ محکمہ قرنطینہ حیوانات کے اعداد و شمار کے مطابق کم جولائی 2025 سے امریکا کو اب تک 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے ایکسپورٹ کیے جا چکے، اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر امریکا کیلئے انڈوں کی ایکسپورٹس کی مالیت 23 لاکھ 70 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ قرنطینہ حیوانات کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان سے انڈوں کی ایکسپورٹ میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ محکمے کے مطابق پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، صومالیہ، افغانستان سمیت دیگر ممالک میں انڈے برآمد کیے جارہے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 میں متحدہ عرب امارات کو 17 لاکھ 23 ہزار ڈالر، ہانگ کانگ کو 5 لاکھ 44 ہزار ڈالر، بحرین کو 32 ہزار 950 ڈالر، کویت کو 31 لاکھ 654 ڈالر، صومالیہ کو 2 لاکھ 41 ہزار ڈالر اور افغانستان کو مجموعی طور پر 10 لاکھ 70 ہزار ڈالر مالیت کے انڈے برآمد کیے گئے ہیں۔

محکمہ قرنطینہ حیوانات کے مطابق پاکستان سے مریخ شکل میں بھی انڈے ایکسپورٹ کیے گئے ہیں۔ محکمہ قرنطینہ حیوانات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 میں پاکستان سے 1 ہزار 169 میٹرک ٹن انڈے مریخ شکل میں برآمد کیے گئے ہیں۔