ثاقب علی اطیل نے سیکرٹری پنجاب لائیو سٹاک کا چارج سنبھال لیا

پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے، حکومت نے پیر کو 6 صوبائی سیکرٹریز اور 5 ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کے تبادلے اور تقرری کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔

لاہور: پنجاب کی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے، حکومت نے پیر کو 6 صوبائی سیکرٹریز اور 5 ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کے تبادلے اور تقرری کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی اطیل کو تبدیل کر کے محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کا سیکرٹری تعینات کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا۔ محمد مسعود انور کو تبدیل کر کے چیف آف سیکشن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری، ایل اینڈ ڈی ڈی ڈیپارٹمنٹ، کا عہدہ BS-20 سے BS-21 میں اپ گریڈ کیا جائے گا جیسا کہ جناب ثاقب علی اطیل کے پاس ہے اور جب تک یہ ان کے پاس ہے۔

آج ثاقب علی اطیل نے سیکرٹری پنجاب لائیو سٹاک کا چارج سنبھال لیا ہے۔

محکمہ لائیو سٹاک میں سابقہ سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور کے لئے الوداعی اور نئے آنے والے سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی اطیل کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ لائیو سٹاک کے تمام ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈائریکٹر جنرلز، اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

الوداعی تقریب میں سابقہ سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور نے نئے آنے والے سیکرٹری ثاقب علی اطیل کو افسران کا تعارف کروایا، اور ان کے فرائض کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ لائیو سٹاک سیکٹر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور قومی جی ڈی پی میں لائیو سٹاک سیکٹر کا 16 فیصد حصہ ہے جبکہ زراعت کا 64 فیصد حصہ لائیو سٹاک سیکٹر پر مشتمل ہے۔ انہوں نے محکمہ لائیو سٹاک کے تمام افسران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ میرے محکمہ لائیو سٹاک میں قیام کے دوران ہم نے مل کر ایک ٹیم کی طرح کام کیا ہے۔

تقریب میں موجود نئے آنے والے سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی اطیل نے محمد مسعود انور کو بطور چیف اکانومسٹ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم وزیر اعلی پنجاب کے ویژن اور منسٹر لائیو سٹاک کی قیادت میں لائیو سٹاک سیکٹر کو ترقی کی راہ پر لے کر چلیں گے اور اس عمل میں تمام افسران کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ نئے آنے والے سیکرٹری لائیو سٹاک قبل ازیں سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب اپنے فرائض سر انجام دیتے رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر سابقہ سیکرٹری لائیو سٹاک محمد مسعود انور کو سووینئر پیش کیا گیا، اور نئے آنے والے سیکرٹری لائیو سٹاک ثاقب علی اطیل کا پھولوں کے گلدستے کے ساتھ استقبال کیا گیا۔