پالیسی بریف: گرین چولستان انیشی ایٹو کے تحت لائیوسٹاک کی ترقی

پالیسی بریف: گرین چولستان انیشی ایٹو کے تحت لائیوسٹاک ترقی

گرین چولستان انیشی ایٹو: لائیوسٹاک، دودھ اور گوشت کی قومی سلامتی کے لیے گیم چینجر

تحریر: ڈاکٹر انس سرور قریشی

سابق وائس چانسلر، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد؛

بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرِ اونٹ، جنہیں چولستان کے ماحولیاتی اور معاشی نظام پر گہری دسترس حاصل ہے

گرین چولستان انیشی ایٹو (GCI) پاکستان کی اب تک کی سب سے بڑی اور جرات مندانہ ترقیاتی کوششوں میں سے ایک کے طور پر ابھر رہا ہے، جس کے اثرات صرف آبپاشی یا فصلوں کی کاشت تک محدود نہیں۔ اگر اس منصوبے کو لائیوسٹاک کو مرکزی نقطۂ نظر بنا کر ترتیب دیا جائے تو یہ چولستان کو ایک موسمیاتی مزاحمت رکھنے والا لائیوسٹاک پروڈکشن کوریڈور بنا سکتا ہے، جو نہ صرف قومی سطح پر دودھ اور گوشت کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کرے گا بلکہ خانہ بدوش اور مقامی چرواہا برادریوں کے روزگار کو بھی تحفظ فراہم کرے گا۔

دہائیوں سے چولستان میں تقریباً 12 سے 15 لاکھ لائیوسٹاک یونٹس مویشی، بھیڑ، بکریاں اور اونٹ انتہائی سخت صحرائی حالات میں پرورش پاتے رہے ہیں۔ پانی کی مستقل قلت، موسمی چارے کی کمی، جانوروں کی بلند شرحِ اموات، اور ویٹرنری و مارکیٹ سہولیات تک کمزور رسائی کے باعث پیداواری صلاحیت کم رہی۔ گرین چولستان انیشی ایٹو اس صورتحال کو بنیادی طور پر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ قابلِ اعتماد آبپاشی، منصوبہ بند آبادیاں اور سروس انفراسٹرکچر متعارف کروا رہا ہے جو لائیوسٹاک ترقی کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔

دودھ اور گوشت: مواقع کی مقداری تصویر

قدرے محتاط اندازوں کے مطابق، اگر نئی آبپاشی شدہ اراضی کا صرف 25 تا 30 فیصد بھی چارہ جات کے لیے مختص کر دیا جائے تو پانچ سے سات سال کے اندر لائیوسٹاک کی پیداواری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

مقامی نسل کے مویشیوں کی اوسط یومیہ دودھ پیداوار 3–4 لیٹر سے بڑھ کر 7–8 لیٹر ہو سکتی ہے، جبکہ آباد شدہ علاقوں میں بھینسوں کی پیداوار 6–8 لیٹر سے بڑھ کر 10–12 لیٹر یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔ وہ اونٹ جو اکثر پالیسی مباحث میں نظرانداز رہتے ہیں ان کی دودھ پیداوار تقریباً دوگنی ہو سکتی ہے اور 8–10 لیٹر یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔

مجموعی طور پر، جی سی آئی زون سے سالانہ 1.8 تا 2.5 ارب لیٹر اضافی دودھ حاصل ہو سکتا ہے، جو پاکستان کی غذائی سلامتی کو مضبوط بنائے گا اور شہری و مضافاتی ڈیری بیلٹس پر دباؤ کم کرے گا۔

گوشت کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ بہتر چارہ دستیابی اور فِنشنگ سسٹمز کے باعث مویشیوں کے کارکس ییلڈ میں 30–40 فیصد اضافہ ممکن ہے، جبکہ بھیڑ اور بکریوں میں بہتر نشوونما اور کم اموات کے ذریعے گوشت کی پیداوار 25–35 فیصد بڑھ سکتی ہے۔ اونٹ کے گوشت کی—جو اس وقت زیادہ تر غیر رسمی ہے باضابطہ پیداوار ایک نیا قدر افزا شعبہ بن سکتی ہے۔ مجموعی طور پر، اس خطے سے سالانہ 2.5 تا 3 لاکھ میٹرک ٹن اضافی گوشت حاصل ہونے کی صلاحیت موجود ہے۔

اونٹ: چولستان کی اسٹریٹجک برتری

چولستان پاکستان کی سب سے بڑی اونٹ آبادی کا مسکن ہے—یہ وہ جانور ہے جو شدید گرمی، کم معیار کے چارے اور پانی کی قلت میں بھی بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ گرین چولستان انیشی ایٹو کے تحت اونٹ پالنے کا نظام بقا کی سطح سے نکل کر تجارتی، موسمیاتی لحاظ سے موزوں (کلائمیٹ اسمارٹ) صنعت میں تبدیل ہو سکتا ہے۔

سال بھر چارہ دستیاب ہونے اور بنیادی مینجمنٹ بہتری سے اونٹنیوں کی دودھ پیداوار تقریباً دوگنی ہو سکتی ہے اور دودھ دینے کی مدت آٹھ ماہ سے بڑھ کر بارہ ماہ تک جا سکتی ہے۔ منظم دوہنا، حفظانِ صحت کے اصول، اور کولڈ چین کی دستیابی اونٹ کے دودھ کو باضابطہ مارکیٹس تک پہنچا سکتی ہے، جن میں نیوٹراسیوٹیکل اور ذیابیطس کے لیے موزوں اعلیٰ قدر کی مارکیٹس شامل ہیں۔

اونٹ کے گوشت کی پیداوار بھی کنٹرولڈ فِنشنگ، کم عمر ذبح، اور بہتر کارکس معیار کے ذریعے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، منظم بریڈنگ پروگرام دودھ اور گوشت کے لیے علیحدہ لائینز تیار کرنے میں مدد دیں گے اور چولستانی اونٹ کی مقامی نسلوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائیں گے۔

موسمیاتی نقطۂ نظر سے، اونٹ بڑے جگالی کرنے والے جانوروں میں سب سے کم واٹر فٹ پرنٹ رکھتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ اُن حاشیائی علاقوں کے لیے مثالی ہیں جہاں فصلوں کی کاشت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اونٹ کو ایک ترجیحی موسمیاتی مزاحم نسل کے طور پر تسلیم کرنا پاکستان کو خشک علاقوں میں لائیوسٹاک جدت کا عالمی رہنما بنا سکتا ہے۔

کیوں لائیوسٹاک کو GCI کا مرکزی ستون ہونا چاہیے

ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ گرین چولستان انیشی ایٹو کے مکمل فوائد اسی وقت حاصل ہوں گے جب لائیوسٹاک کو ایک بنیادی ستون کے طور پر اپنایا جائے، نہ کہ ثانوی جزو کے طور پر۔ آبپاشی کے نقشے، زمین کی تقسیم اور آبادکاری کی منصوبہ بندی کو چارہ کیلنڈرز، لائیوسٹاک زوننگ، اور چرواہا نقل و حرکت کے پیٹرنز کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہوگا۔

پالیسی تجزیہ کار پانچ فوری ترجیحات پر زور دیتے ہیں:

چارہ جات کے لیے مناسب اراضی مختص کرنا،

موبائل ویٹرنری اور بیماریوں کی نگرانی کی خدمات فراہم کرنا،

دودھ اور گوشت کی ویلیو چینز کی ترقی،

مقامی چرواہا برادریوں کے چراگاہی حقوق کا تحفظ،

اشرافیہ کی زمین پر قبضہ گیری کو روکنا تاکہ روایتی کمیونٹیز حاشیے پر نہ جائیں۔

خشک پاکستان کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ

اگر بصیرت کے ساتھ نافذ کیا جائے تو گرین چولستان انیشی ایٹو پاکستان میں خشک علاقوں کی ترقی کے تصور کو بدل سکتا ہے۔ آبپاشی کو لائیوسٹاک مرکوز منصوبہ بندی کے ساتھ جوڑ کر، چولستان ایک ایسا خطہ بن سکتا ہے جو قومی دودھ اور گوشت کی ضروریات میں ٹھوس کردار ادا کرے، اونٹ پر مبنی برآمدی مصنوعات کو فروغ دے، اور موسمیاتی تبدیلی کے دور میں پائیدار روزگار فراہم کرے۔