محکمہ جنگلی حیات کی صوبہ بھر میں غیر قانونی شکار اور ناجائز کاروبار کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری و ساری

ڈی پی او چکوال کا غیر قانونی شکار کی بیخ کنی کیلئے خصوصی تعاون،جنگلی خرگوش، طوطوں اور بٹیر کے آٹھ شکاری گرفتار

لاہور17اکتوبر:- سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری پنجاب مدثر وحید ملک کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب مبین الٰہی کی زیر نگرانی محکمہ کا جنگلی حیات کا غیر قانونی شکار اور ناجائز کاروبار کیخلاف بلا امتیاز آپریشن جاری ہے اور جس کے نتیجے میں محکمہ نے چکوال، ساہیوال اور بہاولنگر کے اضلاع سے جنگلی خرگوش، طوطوں اور بٹیر کے غیر قانونی شکار اور کاروبار میں ملوث آٹھ افراد گرفتار کرکے سات کو مبلغ ایک لاکھ چالیس ہزار روپے جرمانہ کیا۔ تفصیل کیمطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع چکوال عدنان علی کی سربراہی میں وائلڈ لائف سٹاف چکوال نے تھانہ ڈھڈیال کی حدود میں مقامی پولیس کی ذاتی کوششوں سے جنگلی خرگوش کے غیر قانونی شکارمیں مشغول پکڑے جانیوالے چار شکاریوں کو تحویل میں لیکر وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیا اور کیس کمپاؤنڈ کرنیکی درخواست پر مبلغ پچانوے ہزار روپے مجموعی طور پر محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ وصول کرکے کیس نمٹا دیئے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع چکوال کیپٹن (ر) واحد نے ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنز کو وائلڈ لائف کرائمز خصوصاََ تھانہ کی حدود میں غیر قانونی شکار کی صورت میں ملزمان کو پکڑ کر محکمہ جنگلی حیات کے حوالے کرنیکی سختی سے ہدایت کر رکھی ہے اور مذکورہ کارروائی بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اسیطرح کی ایک دیگر کامیاب کارروائی کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ساہیوال ریجن نوید طارق کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف ضلع ساہیوال سخی محمد جو ئیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ عارفوالہ پل ساہیوال میں ناکہ بندی کے دوران اسلام آباد جانیوالی ایک بس سے طوطوں کا ایک اسمگلر گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے لکڑی کے ایک ڈربے میں رکھے دو طوطے تحویل میں لیکر ملزم کو پچیس ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کرکے کیس نمٹا دیا۔ ایسی تین مختلف کارروائیوں کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف بہاولنگر منور حسین نجمی نے ہارون آباد اور بہاولنگر سے ناجائز شکار جنگلی بٹیر کے تین شکاری گرفتار کرکے دو کو مبلغ بیس ہزار روپے جرمانہ جبکہ تیسرے ملزم کیخلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔