سوہانجنا (مورنگا): جادوی نہیں، مگر مفید

 ایک سائنسی جائزہ

تحریر: ڈاکٹر شاہد وحید (ماہر غذائیت) کی گفتگو سے اقتباس کی روشنی میں

پاکستان میں لائیوسٹاک اور پولٹری سیکٹر کے حوالے سے روز بروز نت نئی اشیاء متعارف کروائی جاتی ہیں، جنہیں بعض اوقات اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے جیسے وہ جانوروں کی کارکردگی میں انقلابی تبدیلی لا سکتی ہوں۔ ایسی ہی ایک مثال مورنگا اولیفیرا (سوہانجنا) کی ہے، جس کے بارے میں حالیہ دنوں میں بہت چرچا رہا۔

 ڈاکٹر شاہد وحید، جو کہ پاکستان کے معروف ماہر غذائیت ہیں، انہوں نے اس موضوع پر نہایت سادہ،  سائنسی اور حقیقت پسندانہ انداز میں روشنی ڈالی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ:

"مورنگا ایک فائدہ مند پودا ہے، اس میں پولی فینولز، اینٹی آکسیڈنٹس اور نیوٹرینٹس موجود ہیں جو جانوروں میں آکسیڈیٹیو سٹریس کم کرنے، اور عمومی صحت بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ لیکن یہ کوئی راکٹ سائنس یا نیوکلئر فیول نہیں ہے۔”

 ڈاکٹر صاحب مزید وضاحت کرتے ہیں کہ جیسے ادرک، لہسن، میتھی، کلونجی، روز میری اور دیگر قدرتی اجزاء  جانوروں کی صحت میں بہتری لا سکتے ہیں، ویسے ہی سوہانجنا بھی ان میں سے ایک ہے۔ مگر یہ سوچنا کہ صرف  سوہانجنا شامل کرنے سے دودھ دگنا ہو جائے گا یا گوشت کی پیداوار دوگنی ہو جائے گی — یہ محض ایک غلط فہمی ہے۔

moringa

جانوروں کی بہترین پیداواری صلاحیت کا انحصار متعدد بنیادی عوامل پر ہوتا ہے۔ ان میں مناسب اور متوازن غذا (جس میں تمام ضروری غذائی اجزاء شامل ہوں)، وافر مقدار میں صاف پانی کی دستیابی، جانوروں کے لیے مناسب درجہ حرارت کا شیڈ، صاف ستھرا ماحول، اور منرلز، وٹامنز، پروٹین اور فیٹ کی صحیح مقدار شامل ہیں۔ یہ تمام عوامل مل کر جانور کی مجموعی صحت اور کارکردگی پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔ اگر ان بنیادی ضروریات میں کوئی کمی ہو اور صرف ایک خاص "سپر فوڈ” پر انحصار کیا جائے، تو توقع کے مطابق نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

 ڈاکٹر صاحب کا کہنا بجا ہے کہ: "ہم بطور قوم یا تو کسی چیز کو بہت بُرا کہہ دیتے ہیں یا پھر اتنا اچھا بنا     دیتے ہیں جیسے پوری دنیا کا حل وہی ہے۔ حقیقت ہمیشہ درمیانی راستے میں ہوتی ہے۔”

مورنگا اولیفیرا ایک سائنسی طور پر مستند، فائدہ مند پودا ہے۔ اسے خوراک کا حصہ بنایا جا سکتا ہے، مگر اسے کوئی معجزاتی دوا سمجھنا اور بنیادی غذائی و انتظامی اصولوں کو نظر انداز کرنا ایک بڑی غلطی ہوگی۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ سائنس، توازن اور حقیقت پسندی کو مدنظر رکھا جائے — نہ صرف مورنگا بلکہ ہر نئی پروڈکٹ یا رجحان کے حوالے سے

Alkaram Wanda

Al Karam Feeds

Al Karam Feeds is a leading Feed Manufacturing Company which provides complete feeding solutions to both Small and Corporate farms