پاکستان اور کینیڈا کے درمیان پولٹری، لائیو اسٹاک اور زرعی تعاون میں توسیع

حلال پولٹری برآمدات، کینولا تجارت اور تکنیکی شراکت داری پر پیش رفت

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کینیڈا کے ساتھ پولٹری، لائیو اسٹاک اور زرعی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات کینیڈا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان، عزت مآب طارق علی خان سے ملاقات کے دوران کہی، جو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کے لیے آئے۔

ملاقات میں زرعی، پولٹری اور لائیو اسٹاک شعبوں میں دوطرفہ تعاون، مارکیٹ تک رسائی، فائیٹو سینیٹری معاملات، اور تکنیکی اشتراک پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی اور حیوانی پیداوار کے شعبے پاکستان اور کینیڈا کے باہمی تعلقات میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جبکہ پائیدار زراعت، فوڈ سیفٹی اور جدید پیداواری نظام میں کینیڈا کی مہارت پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔

رانا تنویر حسین نے ترجیحی زرعی اجناس، خصوصاً کینولا (Canola) کی بلا تعطل تجارت کے لیے مارکیٹ ایکسس سے متعلق رکاوٹوں کے حل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کینولا کینیڈا سے پاکستان درآمد کی جانے والی ایک بڑی زرعی فصل ہے، جس کے لیے شفاف، بروقت اور قابلِ پیش گوئی سرٹیفکیشن و رجسٹریشن نظام ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کینیڈا کو ویلیو ایڈڈ اور پروسیسڈ حلال پولٹری مصنوعات، حلال گوشت، جیلاٹن، بھیڑ کی آنتوں کے کیسِنگ (Sheep Casings)، آم، چاول، کینو، اور کھجوریں برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کینیڈا میں پاکستان کی حلال پولٹری ایکسپورٹس کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی (CFIA) سے سرٹیفکیشن کے عمل میں تیزی لانے کی حمایت طلب کی۔

https://vetnewsandviews.com/en/punjab-launches-15-fmd-free-zones-and-diagnostic-overhaul-to-target-middle-east-markets