منہ کھر بیماری کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے ویکسین کی پیداواری صلاحیت کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت
صوبائی وزیر لائیوسٹاک وزراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اہم اجلاس کا انعقاد
لاہور (نمائندہ خصوصی): صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ، جنوبی پنجاب کی دیہی بیوہ و مطلقہ خواتین میں لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کے منصوبوں پر پیش رفت اور محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
لائیو سٹاک کارڈ سے نر بچھڑے/کٹٹرے رکھنے والے مویشی پال فارمرز کو 27 ہزار فی جانور جبکہ مجموعی طور پر 1,35,000 روپے سے 2,70,000 روپے بلا سود قرض کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ دو سالوں میں زیادہ سے زیادہ 80 ہزار مویشی پال کسانوں کو 4 لاکھ جانور دیے جائیں گے۔ اب تک 12,863 کارڈ کسانوں نے وصول کر لیے ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لائیو سٹاک کارڈ کی بروقت ڈلیوری میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ڈویژنز کے ڈائریکٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر بذات خود کارڈ ڈلیوری سنٹرز کا دورہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایسے فارمرز جن کے کارڈ سنٹرز پر پہنچ چکے ہیں لیکن وہ وصولی کے لیے نہیں آ رہے، ان سے رابطہ کیا جائے گا۔ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ان فارمرز کو ٹیگنگ، ویکسینیشن، اور ان سیمنیشن کے مراحل سے متعلق مکمل آگاہی دے گا تاکہ کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع کی 55 سالہ یا اس سے کم عمر کی دیہی خواتین میں دو سال میں 11,000 جانور (جھوٹیاں/ویہٹریاں) تقسیم کیے جائیں گے۔ اب تک 11,882 درخواستوں کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 412 جانور تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس میں انہوں نے مزید کہا کہ منہ کھر بیماری پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ویکسین کی پیداوار بڑھانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری عثمان طاہر، ڈی جی ایکسٹینشن، ڈی جی پروڈکشن، ڈی جی ریسرچ، PITB اور اربن یونٹ کے نمائندے شریک ہوئے۔
