کپاس کی فصل میں تھرپس کا حملہ اور اس کا بروقت تدارک

کپاس کی فصل میں تھرپس کا حملہ اور بروقت تدارک کے طریقے

کپاس پاکستان کی زراعت اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کے لیے اس کے ابتدائی مراحل میں نگہداشت انتہائی ضروری ہے۔ ابتدائی مراحل میں کپاس کی فصل کو بہت سے خطرات کا سامنا ہوتا ہے جن میں سب سے بڑا خطرہ نقصان دہ کیڑوں کا حملہ ہے۔ ان کیڑوں میں تھرپس ایک انتہائی خطرناک اور باریک کیڑا ہے جو پودوں کا رس چوس کر انہیں شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ اگر اس کا بروقت کنٹرول نہ کیا جائے تو پودے کمزور ہو جاتے ہیں، شاخیں کم بنتی ہیں اور حتمی پیداوار میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔

تھرپس کی پہچان اور علامات

فصل پر تھرپس کے حملے کی بروقت شناخت کرنا نقصان سے بچنے کا پہلا قدم ہے۔ کاشتکار بھائی درج ذیل علامات کی مدد سے تھرپس کے حملے کو پہچان سکتے ہیں

  • متاثرہ پتوں کا رنگ چاندی نما یا سفید پڑ جانا
  • پتوں کا سکڑ جانا اور ان کے کناروں کا اوپر کی طرف مڑنا
  • نئے نکلنے والے پتوں کی غیر معمولی اور ناقص بڑھوتری
  • پودوں کا قد رک جانا اور ان کی نشوونما کا انتہائی کمزور ہونا

حملے کی بنیادی وجوہات

تھرپس کے پھیلاؤ اور حملے کی شدت میں درج ذیل عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں

  • خشک اور انتہائی گرم موسم کا طویل ہونا
  • فصل میں پانی اور نمی کی شدید کمی ہونا
  • کھیت اور اس کے اطراف میں جڑی بوٹیوں کی کثرت
  • غیر متوازن کھادوں کا استعمال خصوصاً نائٹروجن والی کھادوں کی زیادتی یا کمی

زرعی احتیاطی تدابیر

کیمیائی ادویات کے استعمال سے پہلے درج ذیل زرعی تدابیر اختیار کر کے تھرپس کے حملے کو کافی حد تک روکا جا سکتا ہے

  • اپنے کھیت کو ہر قسم کی جڑی بوٹیوں سے بالکل پاک رکھیں
  • موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب آبپاشی کریں تاکہ پودے کسی قسم کے اسٹریس کا شکار نہ ہوں
  • زرعی ماہرین کے مشورے سے متوازن کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں
  • اپنی فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں تاکہ حملے کا آغاز میں ہی پتا چل سکے

کیمیائی تدارک اور سپرے کا انتخاب

اگر تھرپس کا حملہ معاشی حد کو عبور کر جائے تو کاشتکاروں کو فوری طور پر کیمیائی تدارک کی طرف جانا چاہیے۔ تھرپس کے مؤثر کنٹرول کے لیے درج ذیل زرعی ادویات میں سے کسی ایک کا سپرے کیا جا سکتا ہے

  • اسپائنیٹورام
  • اسپینوساد
  • ایمامیکٹن بینزوایٹ
  • ابامیکٹن

بہتر نتائج حاصل کرنے کے اصول

  • سپرے ہمیشہ صبح سویرے یا شام کے وقت ٹھنڈے موسم میں کریں
  • پتوں کے نچلے حصے تک سپرے کی مکمل کوریج کو یقینی بنائیں کیونکہ کیڑا وہاں موجود ہوتا ہے
  • حملے کی شدت کو دیکھتے ہوئے سپرے کے 5 سے 7 دن بعد دوبارہ فصل کا معائنہ کریں

ایم نوٹ یہ ہے کہ ہمیشہ مقامی زرعی ماہر کی تجویز کردہ مقدار اور صرف رجسٹرڈ شدہ مصنوعات ہی استعمال کریں۔ ایک ہی گروپ کی دوا کا بار بار استعمال کرنے سے گریز کریں تاکہ کیڑے میں دوا کے خلاف مدافعت پیدا نہ ہو۔

یاد رکھیں کہ تھرپس کا ابتدائی اور بروقت کنٹرول ہی کپاس کی زیادہ پیداوار اور صحت مند فصل کی حقیقی ضمانت ہے۔

جواب دیں