
صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کورنگی کیٹل فارم کراچی میں جدید لائیو اسٹاک بریڈنگ سروسز پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ منصوبہ ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی کے ذریعے ریڈ سندھی گائے کی نسل کو بہتر بنانے کے لیے ایک انقلابی اور اہم ترین پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹی ٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر اینیمل بریڈنگ ڈاکٹر اقتدار میمن، ڈاکٹر نعیم صدیقی، ڈاکٹر جے دیو اور ڈاکٹر غلام حیدر خاصخیلی نے شرکت کی۔
اس اہم موقع پر سابق ایم ڈی فون گرو میجر جنرل ریٹائرڈ یوسف خواجہ، ایم ڈی فون گرو میجر جنرل عامر نوید اور چیف آپریٹنگ آفیسر فون گرو بریگیڈیئر ارشد توفیق بھی موجود تھے۔
تقریب کے دوران فون گرو کے ماہرین نے جدید بریڈنگ پروگرام کے حوالے سے ایک تفصیلی تکنیکی پریزنٹیشن پیش کی، جس میں ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی اور سائنسی طریقوں کے ذریعے جانوروں کی جینیاتی بہتری اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کے امکانات کا احاطہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائیو اسٹاک سیکٹر میں جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جانوروں کی معیاری افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ اور جدید افزائشی سہولیات کی فراہمی حکومت سندھ کے ترجیحی اہداف میں شامل ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سائنسی طریقوں کو فروغ دے کر سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جا سکتا ہے، جس کے براہ راست اثرات مویشی پال کسانوں کی خوشحالی اور ملکی معیشت پر مرتب ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر معزز شرکاء کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے۔