ڈاکٹر محمد ندیم سرور اور ڈاکٹر ایم مجاہد ندیم کا ایویروز ڈائیگناسٹک لیبارٹری، اسلام آباد کا دورہ

ویٹنری نیوز اینڈ ویوز کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر خالد محمود شوق کی قیادت میں آنے والے وفد کوایویروز ڈائیگناسٹک لیبارٹری میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اسلام آباد: صنا لیبارٹریز کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد ندیم سرور اور ڈاکٹر ایم مجاہد ندیم نے ایویروزڈائیگناسٹک لیبارٹری، اسلام آباد کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس وفد کی قیادت ویٹنری نیوز اینڈ ویوز کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر خالد محمود شوق نے کی۔

دورے کے دوران وفد کو ایویروزڈائیگناسٹک لیبارٹری کی جدید سہولیات، تحقیقی نظام اور عالمی معیار کے مطابق تشخیصی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایویروزڈائیگناسٹک لیبارٹری پاکستان کی اُن چند نمایاں لیبارٹریز میں شامل ہے جو بین الاقوامی معیار کے سرٹیفکیشنز اور کوالٹی اشورنس سسٹمز کی حامل ہیں۔ دورے کے دوران ڈاکٹر نعیم خواجہ (چیف ایگزیکٹو، ایوریروز لیب) نے وفد کو لیبارٹری کے بین الاقوامی سرٹیفکیٹس اور ایکریڈیٹیشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈاکٹر نعیم خواجہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایویروز ڈائیگناسٹک لیبارٹری جدید سائنسی آلات، تربیت یافتہ ماہرین اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پروٹوکولز کے تحت کام کر رہی ہے۔ یہاں لائیو اسٹاک، پولٹری، پالتو جانوروں اور فِشریز سے متعلق مختلف بیماریوں کی تشخیص کی جاتی ہے، جو پاکستان میں ون ہیلتھ (One Health) کے تصور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایویروز لیب کا بنیادی مقصد پاکستان میں لائیو اسٹاک سیکٹر کو مضبوط بنانا، غیر ضروری ادویات کے استعمال میں کمی اور بروقت و درست تشخیص کے ذریعے کسانوں کو مؤثر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

ڈاکٹر محمد ندیم سرور نے کہا کہ ڈاکٹر نعیم خواجہ پاکستان کے لائیو اسٹاک سیکٹر کے لیے ایک مجاہد کی حیثیت رکھتے ہیں، جو محدود وسائل کے باوجود سائنسی بنیادوں پر ملکی لائیو اسٹاک کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کر رہے ہیں۔

آخر میں ڈاکٹر خالد محمود شوق نے کہا کہ ویٹنری نیوز اینڈ ویوز ان تمام اداروں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے جو سائنسی بنیادوں پر ملک کے لائیو اسٹاک اور ایگریکلچر سیکٹر کو مضبوط بنانے کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایویروز ڈائیگناسٹک لیبارٹری ون ہیلتھ وژن کے تحت ایک مثالی ادارہ بن کر ابھر رہی ہے۔