اسلام آباد — قدرتی ماحول، جنگلی حیات کے تحفظ اور پائیدار ماحولیاتی نظم کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں انسٹی ٹیوٹ آف رورل مینجمنٹ (IRM) اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ (IWMB) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کر دیے گئے۔
دونوں ادارے اس شراکت داری کے تحت جنگلی حیات کے تحفظ، حیاتیاتی تنوع کی بحالی، اور ماحول دوست طرزِ عمل کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمت عملیوں اور منصوبوں پر کام کریں گے۔ اس تعاون کا مقصد نہ صرف نیشنل پارکس اور محفوظ علاقوں میں ماحولیاتی نظام کی بہتری ہے بلکہ عوامی آگاہی، کمیونٹی انگیجمنٹ اور پالیسیوں پر عملی اقدامات کو یقینی بنانا بھی ہے۔
MoU تقریب کے موقع پر IRM اور IWMB کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے جنگلات، جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے، جو نہ صرف ماحول بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے بھی ضروری ہیں۔