اسلام آباد
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان، ڈریپ نے انسانی اور ویٹرنری استعمال کی تمام فارماسیوٹیکل مصنوعات کے لیے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لازمی قرار دے دیا ہے۔ پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکلز ایسوسی ایشن کے ذریعے موصولہ ڈریپ میمورنڈم کے مطابق اس نظام کا نفاذ 9 اکتوبر 2026 سے لازم ہوگا۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ملک میں جعلی، غیر معیاری اور مشتبہ ادویات کی روک تھام، مصنوعات کی ٹریس ایبلٹی بہتر بنانے اور فارماسیوٹیکل سپلائی چین کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔
ڈریپ کے جاری کردہ میمورنڈم کے مطابق ڈرگز لیبلنگ اینڈ پیکجنگ رولز 1986 میں ایس آر او 963(I)/2026 مورخہ 9 جون 2026 کے تحت ترامیم نوٹیفائی کر دی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے بعد فارماسیوٹیکل ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ 9 اکتوبر 2026 سے لازمی ہوگا۔
میمورنڈم کے مطابق یہ نظام انسانی اور ویٹرنری استعمال کی تمام فارماسیوٹیکل مصنوعات پر لاگو ہوگا۔ اس کے تحت ادویات کی پیکنگ پر 2 ڈی بارکوڈ، 2 ڈی ڈیٹا میٹرکس اور سیریلائزیشن فریم ورک کو لازمی بنایا گیا ہے تاکہ ہر پراڈکٹ کی شناخت، تیاری، ترسیل اور مارکیٹ میں موجودگی کو ڈیجیٹل طور پر ٹریک کیا جا سکے۔
ڈریپ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے فارماسیوٹیکل ریگولیٹری نظام کو جدید بنانا، سپلائی چین میں شفافیت لانا اور عوامی تحفظ کے عالمی معیارات کے مطابق نظام قائم کرنا ہے۔ اس فیصلے سے ویٹرنری فارما سیکٹر میں بھی ادویات کی نگرانی، معیار اور قانونی تعمیل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اتھارٹی نے تمام فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز، امپورٹرز اور متعلقہ صنعتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت سے پہلے اپنی اندرونی تیاری مکمل کریں۔ اداروں کو 2 ڈی ڈیٹا میٹرکس، سیریلائزیشن اور متعلقہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تنصیب 9 اکتوبر 2026 سے قبل مکمل کرنا ہوگی تاکہ نفاذ کے بعد کاروباری اور ریگولیٹری عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
ڈریپ نے صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی عمل کو سراہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ڈیجیٹل انٹیگریشن میں سہولت کے لیے 29 جون 2026 کو صبح 11 بجے ورچوئل ٹیکنیکل ٹریننگ سیشن منعقد کیا جائے گا۔ اس سیشن میں متعلقہ اداروں کو نئے مرکزی آن لائن پورٹل، سیریلائزیشن ڈیٹا جمع کرانے کے طریقہ کار اور ڈریپ سسٹم کے اندر مرکزی تصدیقی پروٹوکولز کے بارے میں عملی رہنمائی دی جائے گی۔
پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکلز ایسوسی ایشن کے ذریعے موصولہ ڈریپ میمورنڈم