ویٹرنری یونیورسٹی جھنگ کی بس اور ہائی ایس میں المناک تصادم، 14 جاں بحق، 16 زخمی

جھنگ میں فیصل آباد روڈ پر کلی فقیر کے قریب تیز رفتاری اور خطرناک اوورٹیکنگ کے باعث پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں 14 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 16 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں ویٹرنری یونیورسٹی جھنگ کے طلبہ بھی شامل ہیں، جس کے باعث پورے علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ ویٹرنری یونیورسٹی جھنگ کی بس اور ایک ہائی ایس کے درمیان پیش آیا۔ بس نمبر LEJ-1279 جھنگ سے لاہور ایک اسپورٹس ایونٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھی جبکہ ہائی ایس نمبر LWC-7415 فیصل آباد سے جھنگ آ رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق دونوں گاڑیاں ایک گنے سے لدی ٹرالی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کے دوران آمنے سامنے ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں بس اور ہائی ایس بری طرح تباہ ہو گئیں اور اندر سوار افراد شدید زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی پانچ ایمبولینسز اور دیگر امدادی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے میں پھنسے زخمیوں کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جن میں سے 10 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال جھنگ منتقل کیا گیا جبکہ 6 زخمیوں کو موقع پر ہی فرسٹ ایڈ دی گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نہایت نازک ہے۔

حادثے کے بعد ڈی ایچ کیو اسپتال جھنگ میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرحمان سمیت اسپتال کے سینئر ڈاکٹرز فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے اور جونیئر ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ زخمیوں کے علاج میں حصہ لیا۔ خون کی شدید ضرورت کے پیش نظر شہریوں کی بڑی تعداد نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا اور انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ اسپتال کے طبی عملے نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد زخمیوں کو بروقت علاج فراہم کیا، تاہم کئی زخمی اب بھی انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔