مویشیوں میں بروقت ویکسینیشن کی اہمیت

لائیوسٹاک آگاہی

مویشیوں میں بروقت ویکسینیشن کی اہمیت

تحریر: ، محمد حارث یاسین

پروگرام: ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن (DVM)

ادارہ: یونیورسٹی آف ایگریکلچر، فیصل آباد

زیرِ نگرانی: ڈاکٹر راؤ صابر ستار

بروقت ویکسینیشن نہ صرف مویشیوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ کسان کو علاج کے اضافی اخراجات اور بڑے معاشی نقصان سے بھی بچاتی ہے۔ ویکسینیشن ہمیشہ ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے اور درست شیڈول کے مطابق کروانی چاہیے۔

پاکستان میں مویشی پالنا دیہی معیشت کی بنیاد سمجھا جاتا ہے۔ کسان اپنی روزی روٹی، دودھ اور گوشت کی پیداوار کے لیے جانوروں پر انحصار کرتے ہیں۔ لیکن جانوروں میں پھیلنے والی متعدی بیماریاں کسان کو شدید معاشی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ خاص طور پر سانس کی بیماریاں، جنہیں ویٹرنری زبان میں ”بووائن ریسپائریٹری ڈیزیز“ کہا جاتا ہے، مویشیوں میں سب سے عام اور مہنگی بیماریوں میں شمار ہوتی ہیں۔ موسم کی تبدیلی، لمبا سفر، خوراک میں تبدیلی، جانوروں کا ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا اور مختلف جانوروں کا آپس میں ملنا بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتا ہے۔ ایسی صورتحال میں ویکسینیشن جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔

ویکسین دراصل جانور کے جسم میں بیماریوں کے خلاف قوِت مدافعت پیدا کرتی ہے۔ بروقت ویکسین لگانے سے جانور کئی خطرناک بیماریوں سے محفوظ رہتے ہیں، ان کی نشوونما بہتر ہوتی ہے اور دودھ و گوشت کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ کسان کو علاج پر اضافی اخراجات سے بھی بچایا جا سکتا ہے۔

ویکسینیشن میں غفلت کے نقصانات

بہت سے کسان جانور کو اس وقت تک ویکسین نہیں لگواتے جب تک بیماری ظاہر نہ ہو جائے۔ بعض اوقات جانوروں کو منڈی یا دوسرے شہروں میں منتقل کرنے کے بعد بیماری تیزی سے پھیلتی ہے کیونکہ ان کا مدافعتی نظام کمزور ہو چکا ہوتا ہے۔ خاص طور پر بچھڑوں میں بیماری کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے کیونکہ سفر، گرمی، سردی اور خوراک کی تبدیلی ان کے جسم پر دباؤ ڈالتی ہے۔

ماہرین کے مطابق شدید ذہنی اور جسمانی دباؤ جانور کے مدافعتی نظام کو متاثر کرتا ہے، جس سے ویکسین کا اثر بھی کم ہو سکتا ہے۔ اسی لیے بہت زیادہ کمزور یا بیمار جانور کو فوری ویکسین لگانا بعض اوقات نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔ اگر ویکسین کو صحیح درجہ حرارت پر محفوظ نہ رکھا جائے یا دھوپ میں زیادہ دیر رکھا جائے تو اس کی افادیت کم ہو جاتی ہے۔ اسی طرح ویکسین کی بوتل کو زیادہ زور سے ہلانا بھی نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ غلط وقت پر یا غلط طریقے سے لگائی گئی ویکسین جانور میں بخار، کمزوری اور دیگر مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ویکسینیشن صرف ایک انجکشن نہیں بلکہ مکمل احتیاط اور درست طریقہ کار کا نام ہے۔

کسان کیا کریں؟

کسان بھائیوں کو چاہیے کہ اپنے جانوروں کی بروقت ویکسینیشن کروائیں اور ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق مکمل شیڈول پر عمل کریں۔ بچھڑوں کو پیدائش، دودھ چھڑانے اور منڈی یا فارم منتقل کرنے سے پہلے ضروری ویکسین لگوانا بہت اہم ہے۔ ویکسین ہمیشہ مستند کمپنی کی خریدیں اور اسے ٹھنڈی جگہ پر محفوظ رکھیں۔ بیمار، کمزور یا شدید دباؤ کا شکار جانور کو بغیر مشورے کے ویکسین نہ لگائیں۔ جانوروں کی صفائی، مناسب خوراک، صاف پانی اور آرام دہ ماحول بھی بیماریوں سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

یاد رکھیں، بروقت ویکسینیشن نہ صرف جانور کی زندگی بچاتی ہے بلکہ کسان کو بڑے معاشی نقصان سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

جواب دیں