
پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن KP زون انتخابات 2026 کے سرکاری نتائج جاری کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن KP زون کے نوٹیفکیشن کے مطابق 5 جولائی 2026 کو پول ہونے والے ووٹوں کی مصدقہ گنتی کے بعد نئی ایگزیکٹو کمیٹی کو چار سالہ آئینی مدت 2026 تا 2030 کے لیے منتخب قرار دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سربلند خان صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ ڈاکٹر سیف اللہ نائب صدر، ڈاکٹر فواد احمد جنرل سیکرٹری، ڈاکٹر شیر بہادر جوائنٹ سیکرٹری، ڈاکٹر ممرز خوشحال گیگیانی فنانس سیکرٹری اور ڈاکٹر فصیح الدین پریس سیکرٹری منتخب قرار پائے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز شاہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نومنتخب باڈی فوری طور پر PVMA KP زون کا چارج سنبھالے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق KP زون کی نومنتخب صوبائی باڈی مرکزی PVMA کے عہدوں کی ذمہ داریاں بھی اس وقت تک سنبھالے گی جب تک PVMA بلوچستان زون کے انتخابات منعقد نہیں ہو جاتے اور مرکزی PVMA باقاعدہ طور پر نئی باڈی کو منتقل نہیں کر دی جاتی۔
نوٹیفکیشن میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان ویٹرنری میڈیکل ایسوسی ایشن اور ویٹرنری پروفیشن سے متعلق تمام سرکاری خط و کتابت، رابطہ کاری اور انتظامی معاملات اب نومنتخب عہدیداران کے ذریعے کیے جائیں گے۔
ویٹرنری حلقوں نے PVMA KP زون کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئی قیادت ویٹرنری پروفیشن کی بہتری، صوبائی سطح پر ویٹرنری ڈاکٹرز کے مسائل کے حل، لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی اور پیشہ ورانہ نمائندگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فعال کردار ادا کرے گی۔

